اسلام آباد : ( دنیانیوز) بجلی کے ہوشربا بلوں کے بعد عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری ، حکومت نے بجلی چوروں کیلئے الگ سے تھانے اور عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ملک بھر میں بجلی چوروں کے لیے 8 ہزار 769 تھانے قائم کیے جائیں گے، بجلی چوروں کے لیے قائم 497 عدالتوں میں 634 افراد پر مشتمل عملہ ہوگا۔
پہلے فیز میں لاہور، ڈی جی خان، حیدرآباد، لاڑکانہ ڈویژن میں تھانے اور عدالتیں قائم ہوں گی، بنوں، پشاور، مردان اور کوئٹہ کو بھی پہلے مرحلے میں مکمل کیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں 29 ڈویژن کو مکمل کیا جائے گا ، نئے نظام پر سالانہ 10 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جس کا بوجھ عوام اٹھائے گی۔
تقسیم کار کمپنیاں اخراجات کی رقم عوام سے وصول کریں گی، نئے تھانوں اور عدالتوں کیلئے پہلی بار 10 ارب سے زائد وفاقی حکومت دے گی ، بجلی چور پکڑنے اور سزا دینے کے اخراجات بھی صارفین سے وصول کیے جائیں گے۔