پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی درباری وزراء خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کے بجائے آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر قوم کو جواب دیں۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء و مشیران خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کے ذریعے وفاق کی بدترین کارکردگی چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، درباری وزراء کی خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید ایسا ہے کہ چھلنی لوٹے سے کہے آپ میں دو سراخ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کے بجائے آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر قوم کو جواب دیں، جعلی حکومت آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے، لوڈشیڈنگ اور بجلی بلوں نے عوام کا جینا محال کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ درباری وزراء کی خدمت میں عرض ہے کہ دہشت گردی کراس بارڈر مسئلہ ہے، بارڈر کا انتظام وانصرام وفاق کی ذمہ داری ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی اور بڑے میاں خاندان سمیت مری میں گھوم رہے ہیں، عوامی خدمت کے بجائے مینڈیٹ چوروں نے اقتدار میں آ کر بیرون ملک اثاثے بنانے پر ترجیح دی۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزراء کو عوام کی فکر ہے تو صحت جیسا منصوبہ شروع کرنے کی ہمت کریں، پی ٹی آئی نے 11 سال بہترین کارکردگی کی وجہ سے خیبر پختونخوا سے تمام پارٹیوں کا صفایا کر دیا۔