کراچی: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم بجلی کے بل کم کر دیں اسی میں نجات ہے، یہ نہ ہو آپ کی حکومت ہی چلی جائے۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کا دھندا پیپلزپارٹی کے دور سے شروع ہوا، ایم کیو ایم ہر دور میں حکومت کا حصہ رہی، آج ایم کیو ایم والے کہتے ہیں آئی پی پیز نہیں ہونے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطینیوں کے حوصلے بلند، اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے نیا جذبہ پیدا ہوا: حافظ نعیم
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم سمیت سب آئی پی پیز سے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں، آئی پی پیز کو بچانے کے لئے ہمیں ڈرایا جاتا ہے، لوگ بجلی کا بل ادا کرنے کے لئے گھر کا فرنیچر بیچنے پر مجبور ہیں، ایک ہی راستہ ہےعوام کو ریلیف دو۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کو یہ ٹولہ نہیں روک سکے گا، یہ دھرنا تنخواہ دار، مزدور، کسانوں کی امید بن گیا ہے، صاف اور سیدھی بات ہے بجلی کی قیمت کم اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگاؤ۔
یہ بھی پڑھیں: مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں ہوگا ، جماعت اسلامی کا دوٹوک اعلان
ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ نے ہمارے لئے چائے، پانی بھیجا شکریہ، گورنرسندھ 1300 سی سی سے کم گاڑی میں بیٹھنے کا اعلان کریں، یہ نہیں ہوسکتا ایک مخصوص طبقے کو بڑی گاڑیاں اور مراعات ملیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں جا رہے ہیں، پشاور اور لاہور کے لئے دھرنے کا اعلان ایک سے دو روز میں کروں گا، یہ تحریک حق کی بالادستی کی تحریک ہے، یہ خاندان ہم پر فیملی انٹرپرائزز کی صورت میں مسلط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دھرنے کا ساتواں روز، حکومت ہمارے مطالبات سے بھاگ رہی : حافظ نعیم
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک مافیا کا بھی فرانزک آڈٹ ہونا چاہئے، فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ان کا دھندا چلتا ہے، سارا بوجھ تنخواہ دارطبقہ اٹھائے ایسا نہیں چلے گا۔