ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی ہائی کمشنر نے پاکستانی طلبہ کو اپنے کمروں تک محدود رہنے کی ہدایت کردی۔
ڈھاکہ میں پاکستانی سفارت خانے کے ہائی کمشنر سید احمد معروف نے اپنے بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں پاکستانی شہریوں کی حفاظت ہماری اولین فرض ہے، اپنے شہریوں خصوصا زیر تعلیم طلبا و طالبات سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ہائی کمشن کے حکام بنگلہ دیش کی اتھارٹیز سے بھی رابطہ میں ہیں، بدلتی صورتحال سے طلبا و طالبات کو بھی مسلسل آگاہ رکھا جارہا ہے، جیسے ہی صورتحال خراب ہونا شروع ہوئی، طلبا و طالبات کو فوری ہائی کمیشن پہنچنے کا کہا گیا، جو طالب علم نہیں پہنچ سکے ان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ برقرار ہے۔
حکام کے مطابق سٹوڈنٹس کو کہا گیا ہے کہ اپنے کمروں تک محدود رہیں اور موجودہ صورتحال سے اپنے آپ کو الگ رکھیں، بنگلہ دیش میں زیر تعلیم 144 طلبہ میں سے ایک تہائی پہلے ہی پاکستان جا چکے ہیں، چند مزید طلبہ آج کل میں پاکستان روانہ ہو رہے ہیں۔
بنگلہ دیش میں رہ جانے والے طلبہ میں سے کچھ طلبہ ہائی کمیشن پہنچ چکے ہیں، ہائی کمشن طلبہ سے مستقل رابطے میں ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔