صوابی: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن فوج اور تحریک انصاف میں دراڑ ڈال رہی ہے، ہم نے مسلم لیگ ن کی اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔
صوابی میں تحریک انصاف کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ شہباز شریف نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی کال آئے گی سب نے لبیک کہنا ہے۔
حماد اظہر
جلسہ سے خطاب میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکمرانوں نے معیشت کو منفی کر دیا، ہمیں دبانے کے لیے جمہوری روایات کو روندا گیا، ہم نے آئین و قانون کے راستے کو نہیں چھوڑا، حماد اظہر نے ستمبر میں لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دوریاں ختم ہوں، انشااللہ بہت جلد بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے، ہم ملک میں آزاد عدلیہ چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ڈٹے رہیں گے۔
اسد قیصر
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ یہ جلسہ تاریخ بھی ہے اور انقلاب بھی ہے، ہم اس ملک کو آئین کے مطابق چلائیں گے، پاکستان میں تمام شہریوں کے حقوق یکساں ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کےحقوق کو دبایا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا کی ہماری حکومت کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، علی امین گنڈا پور تگڑا ہے مقابلہ کرے گا، اس موقع پر تقریر کے دوران اسد قیصر کی طبعیت خراب ہو گئی۔
علی محمد خان
رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو انصاف دیا جائے، ایک سال ہوگیا کیا بانی پی ٹی آئی یا ہمارا ورکر ٹوٹا؟ مان لو تم ہار گئے ہو۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک مسائل حل نہیں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی ملنگ ہے جا کر معافی مانگ لو، پریس کانفرنسیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔