راولپنڈی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہاکہ انتخابات میں ہماری اکثریت تسلیم کرنے تک حکومت یا فوج سے عدالت کے باہر کوئی تصفیہ نہیں ہوگا۔
تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے غیرملکی خبر ایجنسی کے سوالات کے جوابات میں کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن اور نجی شعبے میں فوج کے اہم کردار کے باعث اگر فوج کے ساتھ بہترین تعلقات نہ رکھے جائیں تو یہ حماقت ہو گی، فوج کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، امریکا کے خلاف کوئی رنجش نہیں، حکومت کے خاتمے کے بعد سے میری تنقید افراد کے خلاف رہی، فوج کے ادارے کے خلاف نہیں، فوجی قیادت کے بارے میں غلط فہمیوں کو پورے ادارے کے خلاف نہیں ٹھہرانا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایسے تمام مذاکرات کیلئے تیار ہیں جو ملک کی بگڑتی صورتحال کو بہتر کرسکے، وزیراعظم شہباز شریف کی مخلوط حکومت سے ایسی کوئی بات چیت کرنے کا فائدہ نہیں، جو اصل قوت ہیں ان سے ہی بات کرنا زیادہ سودمند ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ فروری کے انتخابات پاکستان کی تاریخ کے دھاندلی زدہ انتخابات تھے، اگر آزادانہ اور شفاف الیکشن کرائے جائیں اور میرے خلاف بوکس کیس ختم کئے جائیں تو فوج کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔