اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمر ایوب اور بلال کیانی کے درمیان خزانہ کمیٹی اجلاس کے دوران تلخ کلامی ہوگئی، ممبر کمیٹی عمر ایوب احتجاجاً کمیٹی اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بلال کیانی کا بات کرنے کا طریقہ اور رویہ نامناسب ہے، نوک جھونک اپوزیشن رکن مبین عارف کے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے ہوئی۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ مبین عارف پر دباؤ ہے کہ وہ پی ٹی آئی جوائن نہ کریں، مبین عارف ان 41 ایم این ایز میں ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی کا بیان حلفی دیا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اگر سیاسی باتیں ہوں گی تو ہمارے پاس بھی سیاسی باتیں ہیں، عمر ایوب کا واک آؤٹ، مبین عارف اور اپوزیشن ارکان نے بھی اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔