نومئی واقعات : پختونخوا حکومت کی جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد

Published On 09 August,2024 04:11 pm

پشاور:(دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے حکومت خیبر پختونخوا کی 9 مئی سے متعلق جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد کردی۔

عدالتی ذارئع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے حکومت خیبرپختونخوا کا خط نظرثانی کے لیے واپس بھیج دیا ہے، پشاور ہائی کورٹ انتظامیہ نے صوبائی حکومت کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جس فورم سے درخواست ارسال کی وہ مجاز نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق درخواست صوبائی حکومت کے رولز آف بزنس 1985 کی خلاف ورزی ہے، اس صورت میں درخواست پر عمل درامد نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا۔