اسلام اقلیتوں کا سب سے بڑا علمبردار ہے: لیاقت بلوچ

Published On 11 August,2024 05:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرے سے مختصر خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جلسہ گاہ میں تیاریاں عروج پر ہیں، ہر طرف سے قافلے جلسے میں شرکت کے لئے روانہ ہو چکے ہیں، اس جلسے میں ہر طبقہ شریک ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہوں گی تو ترقی کا راستہ بنے گا، اسلام اقلیتوں کا سب سے بڑا علمبردار ہے، اسلام اجازت نہیں دیتا کہ کسی پر بھی مذہب تبدیل کرنے کے لئے زور دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ارشد ندیم کی محنت اس بات کا ثبوت ہے کہ اس قوم میں طاقت موجود ہے، اگر یہاں کھیلوں کو فروغ دیا جائے تو ہم ہر کھیل میں ترقی کریں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والے تحریری معاہدے میں ہم نے لکھا ہے کہ بجلی کی قیمتیں ناقابلِ برداشت ہیں، ہمارا مطالبہ تھا سرکاری ملازمین اپنی مراعات چھوڑیں اور 1300 سی سی تک گاڑی استعمال کریں، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جائے اور بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسی سلسلے میں وفاق نے اعلان کیا ہے صوبوں کے ساتھ مل کر جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے گا، سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے کہ ہم بجلی مہنگی کروا کر واپس آئے، ہمارا معاہدہ رات11 بجے ہوا جبکہ بجلی کے نرخ صبح ہی بڑھ چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ واضح کرتے ہیں حکومتیں معاہدے تو کرتی ہیں لیکن پھر فرار کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے، ہم ان کو فرار نہیں ہونے دیں گے، حافظ نعیم الرحمان نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم فالو اپ کریں گے، جلسے جاری رکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر معاہدہ تکمیل تک نہ پہنچا تو پھر دھرنا دیں گے، آج شام کو امیر جماعت اسلامی پاکستان نعیم الرحمان پارٹی کا اگلا لائحہ عمل بتائیں گے۔