آئی پی پیز معاہدے اندھا کنواں، تباہی کا باعث بن رہے، نظر ثانی کی جائے: لیاقت بلوچ

Published On 07 August,2024 10:59 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی پی پیز ایک اندھا کنواں ہے، آئی پی پیز معاہدے تباہی کا باعث بن رہے ہیں، معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرحکومت آئی پی پیز مالکان کی سرپرستی جاری رکھے گی تو پھرعوام حساب لیں گے، تنخواہ دار طبقے پر بھی ٹیکس عائد کر دیئے گئے ہیں، دکانداروں کے لئے بھی مشکلات پیدا کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے نے قوم کے اندر ایک نئی لہر پیدا کی ہے، ہمارے چھ نکات پر حکومت نے رائے دی ہے، حکومت نے اپنے مسائل کا بھی ذکر کیا ہے، ہم نے اپنا تفصیلی مؤقف حکومتی کمیٹی کے سامنے پیش کر دیا ہے، خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے عوامی مسائل پر آواز اٹھانے پر شکریہ ادا کیا، کل شیڈول کے مطابق ہمارا مارچ ہوگا، اگر کوئی پیشرفت ہوگی تو میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا، غیرترقیاتی اخراجات پر 50 فیصد کمی لانے سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، حکومت کی سنجیدگی اسی وقت ظاہر ہوگی جب عوام کو ریلیف ملے گا۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے سرکاری مراعات ختم کی جائیں، اگر مقتدر طبقہ حالات کو نہیں سمجھے گا تو نقصان ملک کا ہوگا۔