جماعت اسلامی نے لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان کر دیا

Published On 06 August,2024 05:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے لاہور میں بھی دھرنے کا اعلان کر دیا، ترجمان قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی 11 اگست کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دے گی۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان لاہور دھرنے سے خصوصی خطاب بھی کریں گے، جماعت اسلامی کے دھرنے کو راولپنڈی میں 12 دن اور کراچی میں 4 دن ہو چکے ہیں۔

ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی اگلے مرحلے میں احتجاج کا دائرہ مزید شہروں تک وسیع کرے گی۔

اس موقع پر ضیا الدین انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور میں دھرنے کے لیے تیار ہے، زندہ دلان لاہور اگر کسی کو اقتدار کی سیڑھی پر چڑھاتے ہیں تو اتارنا بھی جانتے ہیں، حافظ نعیم الرحمان اس مایوس قوم کی واحد امید ہیں۔

عبدالعزیز عابد کا کہنا تھا کہ حکمران بنگلہ دیش سے سبق سیکھیں، حسینہ واجد اپنے تمام جبر کے باوجود عوام کو زیر نہیں کر سکی، جماعت اسلامی کے کارکنان حکومت کیلئے لوہے کے چنے ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بیک ڈور سے دھرنا ختم کرنے کیلئے منتیں کر رہی ہے جبکہ میڈیا پر انکاری ہے، حکمرانوں کی یہ منافقت اب نہیں چلے گی۔