راولپنڈی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کے اثاثے منجمد کئے جائیں، معیشت کو برباد کرنے والوں کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم مارچ کریں گے تو لاکھوں نوجوان ساتھ ہوں گے، رکاوٹوں کو کیسے ہٹانا ہے یہ فیصلہ ہم کریں گے، حکومت کی بھول ہے ہم تھکنے والے نہیں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم پوری قوم کی ترجمانی کر رہے ہیں، ہماری تاجروں سے مشاورت جاری ہے، تاریخی ملک گیر ہڑتال بھی کریں گے، پورے پاکستان کی شاہراہوں کو بند کریں گے، ہوسکتا ہے چودہ اگست کے بعد آئی ایم ایف کے ایجنٹوں کو ہم بل جمع نہ کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیں حکومت کی طرف سے اعلانات نہیں اقدامات چاہئیں:حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت حالات کی سنگینی کو اچھی طرح سمجھ لے، حکمرانوں کو بنگلہ دیش سے سبق سیکھنا چاہئے، ہم نہیں چاہتے کہ حالات اس طرف جائیں، حسینہ واجد کو ایئر لفٹ کرکے روانہ کر دیا گیا، یہ نہ ہو تمہیں کوئی ایئرلفٹ اور نہ راستہ ملے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت لاگت کے مطابق ہونی چاہئے، بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز ختم کئے جائیں، واضح کہتا ہوں اگر بجلی کے بل کم نہ ہوئے تو دھرنا ختم نہیں ہوگا، خالی باتوں سے کچھ نہیں ہوگا ہمیں نوٹیفکیشن چاہئے، ہم افراتفری پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے امن کا راستہ اختیار کیا ہے، شہباز شریف کہتا ہے بجلی کی قیمت پر سیاست نہ کرو، کیا شہبازشریف صاحب آپ کی طرح کرپشن کی سیاست کریں؟ کیا ہم لوگ آپ کی طرح مکتی بہانی کی قبر پر پھول چڑھانے کی سیاست کریں؟ ہمیں یہ سیاست قبول نہیں، ہم عوام کے حق کی سیاست کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: باقی صوبوں میں بھی دھرنے دیں گے، اب ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے : حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہبازشریف کی سیاست دھوکہ، کرپشن، بوٹ پالش ہے، بجلی کی قیمت کم کرنی پڑے گی، فرانزک آڈٹ سے نوازشریف، زرداری کے فرنٹ مینوں کا پتہ چل جائے گا، ہم فرانزک آڈٹ کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
حافظ الرحمان کا کہنا تھا کہ فری پٹرول کی مراعات کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا ہے، کوئی بھی سرکاری گاڑی 1300 سی سی زائد نہیں ہونی چاہئے، یہ عوامی عدالت کا فیصلہ ہے، کسی کو1300سی سی سے زائد گاڑی استعمال نہیں کرنے دی جائے گی، بچوں کے دودھ پر ٹیکس نہیں چلے گا، بھاری بل صنعتوں کو تباہ کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بجلی کے بموں کی وجہ سے بڑی صنعتیں تباہ ہورہی ہیں، ایف بی آر کے لوگ انویسٹی گیشن کے نام پر کرپشن کریں گے، ایف بی آر کو لوٹ مار کے لئے رکھا ہوا ہے، تاجر دوست سکیم کے نام پر زبردستی ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، تاجر جائز ٹیکس دیں لیکن ناجائز ٹیکس ادا نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیں حکومت کی طرف سے اعلانات نہیں اقدامات چاہئیں:حافظ نعیم الرحمان
خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت ترقی کے حوالے سے جھوٹے دعوے کر رہی ہے، دھرنا پورے جذبے کے ساتھ جاری ہے، 8 اگست کو مری روڈ سے مارچ کریں گے، مریم نواز نے پنجاب کے کسانوں کا حق مارا ہے، مریم نواز نے سبسڈی کے نام پر قوم سے جھوٹ بولا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب آفس کے باہر دھرنا ہوگا انہیں بھی سمجھ آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 11 اگست کو تاریخی دھرنا ہوگا، جماعت اسلامی کے کارکن دھرنے کا پیغام گلی، محلوں میں پہنچائیں، یہ دھرنا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگا، ہم خیرات لینے نہیں غریبوں، مزدوروں، تاجروں، کسانوں کا حق لینے آئے ہیں، کارکن اللہ پر بھروسہ رکھیں کامیابی ہماری ہوگی۔