راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت کے جج امجد جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان گل اور ظہیر عباس چودھری جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح نہ ہوسکی۔
دوران سماعت عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق نیب کی بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ پیش کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے 23 اپریل 2020 کو بورڈ میٹنگ میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کو کمپلینٹ ویریفکیشن کی سطح پر کلوز کردیا تھا، نیب کی بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔
نیب حکام نے کہا کہ ریفرنس نئے شواہد کی بنیاد پر فائل کیا گیا تھا، 2020 کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا تفتیشی کے بیان پر جرح سے کوئی تعلق نہیں۔
بعدازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست خارج کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی۔