لاہور ( دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل فری لانسنگ انڈسٹری کا اہم ترین رکن ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ آج لاکھوں افراد فری لانسگ کے شعبے سے وابستہ ہیں، یہی افراد سالانہ 400 ملین ڈالرز سے زائد کا زرمبادلہ لاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری آئی ٹی برآمدات پہلی بار بمشکل 3 ارب ڈالرز تک پہنچی ہیں، یہ سب کامیابیاں اپنی مدد آپ کے تحت کسی حکومتی سرپرستی کے بغیر ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس ماحول میں جب افراد اور ادارے اقتصادی بحران کے شکار ہیں، مشکلات کے باوجود یہی افراد ملک میں ڈالرز لانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انٹرنیٹ کی سست رفتار ان کے راہ کی رکاوٹ بن رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ لوگ میڈیکل رپورٹس تک نکالنے سے قاصر ہیں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے دور میں حکومت ملک اور قوم کو کہاں لے جانا چاہتی ہے، لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے یا سرمایہ منتقل کریں گے؟