لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کی قیادت میں جشن آزادی ریلی نکالی گئی جس میں کارکنان پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی قیادت میں جشن آزادی موٹر سائیکل ریلی میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریلی کا انعقاد پی ٹی آئی ایم پی اے فرخ جاوید مون کی جانب سے کیا گیا تھا۔
جشن آزادی موٹرسائیکل ریلی برکت مارکیٹ سے جیل روڈ تک نکالی گئی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کون بچائے گا پاکستان بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی جانب سے پنجاب حکومت پر تنقید بھی کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کارکنان پاکستان زندہ باد کی نعرے لگاتے رہے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت نے شریف خاندان کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، فارم 47 والی حکومت چند دنوں کی مہمان ہے جبکہ بانی پی ٹی جلد عدالتوں سے سرخرو ہو کر باہر آئیں گے۔