اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی کارروائی روکنے کی متفرق درخواست دائر کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چودھری نے عمران خان کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی کارروائی روکنے کیلئے متفرق درخواست دائر کی۔
عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عمران خان نے نیب کے 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے ریکارڈ کی فراہمی کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل 2020 کی نیب ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
عمران خان نے ٹرائل کورٹ کے 12 اگست کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اور کہا کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کی تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو عمران خان کے دفاع میں بھاری نقصان ہوگا، تفتیشی افسر نے جرح کے دوران نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ سے متعلق کچھ باتوں کا اعتراف کیا، ضروری ہے کہ نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کے سامنے رکھا جائے۔