کراچی: (دنیا نیوز) لانڈھی مجید کالونی میں کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت پر مرحوم گلزار کی بیٹی نے کے الیکٹرک کے خلاف ہرجانے کا دعوی دائر کردیا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث والد کا کرنٹ لگنے سے انتقال ہوا۔
اس موقع پر عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے بتایا ہے کہ مرحوم گلزار لانڈھی مانسہرہ کالونی کا رہائشی تھا اور ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا، 20 جولائی کو کام سے واپس گھر جاتے ہوئے مجید کالونی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ سڑک پر جمع پانی میں بجلی کے گرے ہوئے تار سے کرنٹ لگا، واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے، ریسکیو اداروں نے بڑی مشکل سے جاں بحق شہری کی لاش وہاں سے نکال کر ہسپتال منتقل کی تھی،
عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی اور انفراسٹکچر کی مرمت کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث 6 بچوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل جان سے گیا، مرحوم کی بیٹی نے کے الیکٹرک کے خلاف جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دعوی دائر کیا ہے۔
وکیل نے مزید بتایا کہ کے الیکٹرک کے خلاف 3 کروڑ 92 ہزار روپے ہرجانے کا دعوی کیا گیا ہے، کے الیکٹرک کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی درخواست بھی دی ہے مگر پولیس واقعے کا مقدمہ درج نہیں کر رہی۔