مریدکے: (دنیا نیوز) وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک دشمن قوتوں کی آلہ کار بن کر انتشار پھیلا رہی ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی کے اندر کا خوف انہیں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف زہر اگلنے پر مجبور کر رہا ہے. بھارت سمیت تمام پاکستان دشمن قوتیں افواج پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملک کو تباہی کی طرف لیجانے والے کردار عیاں ہورہے ہیں، جلد سب قابو میں آئیں گے، اسٹیبلشمنٹ ملک کو بچانے کی کوشش میں ہے اور ملک بہتری کی طرف جارہا ہے، 2017ء میں میاں نواز شریف کو نکال کر پاکستان کے ساتھ ظلم کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیجنے والا چیف جسٹس بانی پی ٹی آئی کو نظر نہیں آتا، 9 مئی کے ملزمان کا سات دن کے بجائے ڈیڑھ سال تک بھی کیفر کردار تک نہ پہنچنا سب سے بڑی سہولت کاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ضرور انصاف کرے گا اور بانی پی ٹی آئی انجام کو پہنچے گا، شفاف چلی پارٹی خیبر پختونخوا میں تیسری ٹرم کے باوجود ملازمین کو تنخواہیں نہیں دے رہی، کے پی کے میں کرپشن عروج پر اور نشاندہی کرنے والے وزراء فارغ کئے جارہے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے ماہرین اقتصادیات کی مشاورت سے پانچ سالہ منصوبہ بنایا ہے جو پاکستان کو ترقی کی طرف گامزن کرے گا۔