لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر و رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف پر پراپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی سیاست کرتی ہے، بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں، مشکل ترین حالات میں بھی آسانیاں پیدا کرنا مسلم لیگ (ن) کی سیاست رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کیا، کچھ لوگ بجلی بلوں میں ریلیف پر پراپیگنڈا کر رہے ہیں، پنجاب کے بجٹ سے 45 ارب روپے دے کر ریلیف دیا گیا، 201 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دیا جا رہا ہے، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو وفاق کی جانب سے ریلیف مل رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو دیئے گئے ریلیف پر باتیں بنائی جا رہی ہیں، ریلیف کا سلسلہ وفاق کے اقدامات کا تسلسل ہے، 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف اسلام آباد کے شہریوں کیلئے بھی ہوگا، آج جو لوگ ریلیف پر پراپیگنڈا کر رہے ہیں انہوں نے چار سال ملک کو تباہ کیا، چار سال یہاں نالائقی، چوری اور کرپشن کا بازار گرم رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 4 سال کوئی ریلیف نہ دینے والوں نے نواز شریف کے دیئے گئے ریلیف بھی عوام سے چھین لئے، ان شکلوں کو عوام کا ریلیف گوارہ نہیں یہ صرف تباہی چاہتے ہیں، یہ انتشاری لوگ چار سال میں ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لے گئے، ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے تمام صوبوں سے درخواست کی بجٹ میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیں، ہمیں یقین ہے تمام صوبے صارفین کو ریلیف دیں گے، فرق صرف قیادت، سوچ اور نیت کا ہے، ایک صوبے نے مکینزم بنایا ہے،تمام صوبے بھی اس روایت پر عمل کریں، چاہتے ہیں پختونخوا کے عوام کو بھی بجلی کے بلوں میں ریلیف ملے، تمام صوبوں سے اپنا ماڈل شیئر کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ توانائی پنجاب کی جانب سے ڈسکوز کو خط لکھ دیا گیا ہے، کسی نے اگست کا بل دے دیا تو اسے پیسے واپس ہوجائیں گے، ہم ملک میں مہنگائی کم کرنے آئے ہیں، روٹی سستی کرنا وزیراعلیٰ پنجاب کا ایجنڈا تھا، ہم نے حکومت میں آتے ہی رمضان پیکیج گھر کی دہلیز پر دیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپس اور سکالر شپ، اب سولر سکیم بھی لائی جا رہی ہے، نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ کی روایت نوازشریف، شہباز شریف نے رکھی، ہم نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم نہیں پکڑائے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی ہیں آٹا، پیاز، روٹی سستی کرنا ہماری ذمہ داری ہے، 50 لاکھ گھروں کا تماشا کرنے والے ایک گھر نہ دے سکے، حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی میں کمی سے شرح سود میں کمی ہو رہی ہے، غریب عوام کو اپنی چھت کے نیچے گھر بنانے کے مواقع میسر ہوں گے۔