لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ہمارا منشور اور نصب العین ہے۔
انسانیت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں انسانیت کے خدمت گاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، انسانیت کی خدمت کاعظیم مقصد قوموں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدمت میں مصروف تمام ریسکیورز، ڈاکٹرز، نرسز، امدادی کارکنان کو سلام پیش کرتی ہوں، انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہوں، عوام کی خدمت کیلئے تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبے اولین ترجیح ہیں، انسانیت کی خدمت ہمارا منشور اور نصب العین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کیلئے پاکستان کا پہلی ایئر ایمبولینس پراجیکٹ لانچ کیا، انسانیت کی خدمت کے عزم کو نبھاتے ہوئے ہسپتال اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن شروع کی، فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز اور مفت ادویات دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا مشن پورا کرنے کے لئے ریسکیو 1122 کو موٹر ویز پر تعینات کیا جا رہا ہے، ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر انسان کو عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کے خدمت گار بنیں، جو مشکل میں ہو اس کی مدد کریں، یہ فرض بھی ہے اور ہماری روایت بھی، انسانیت کی خدمت سنت نبویﷺ اور اللہ تعالیٰ بھی راضی ہوتے ہیں۔