اسلام آباد: (دنیا نیوز) 22 اگست جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں گرینڈ اپوزیشن قیادت کا اہم ترین اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے شرکت کی، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شبلی فراز اور صاحبزادہ حامد رضا بھی شریک ہوئے، 22 اگست کے اسلام آباد میں جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے شرکاء نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق تازہ فیصلہ بھی زیر غور آیا، اجلاس کے شرکاء نے پارلیمنٹ میں حکومت کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا۔
قائدین تحریک انصاف نے کہا کہ پرامن جلسہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، انتظامیہ کی اجازت سے 22 اپریل کو اسلام آباد ترنول کے مقام پر جلسہ کیا جائے گا، 22 تاریخ کو اسلام آباد میں عظیم الشان جلسہ ہوگا، پورے ملک سے کارکنوں کو جلسہ میں پہنچنے کی ہدایت کردی۔
عمر ایوب نے کہا کہ امید ہے انتظامیہ ہمارے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی، تحریک انصاف کے جلسے ہمیشہ پرامن رہے ہیں، پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی، حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا۔