لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں آج بھی وقفے وقفے سے بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشیں برسانے والے نئے سسٹم نے پنجاب میں ڈیرے ڈالنا شروع کر دئیے ہیں، بارشیں برسانے والا نیا نظام مغربی ہواؤں کے باعث وجود میں آیا ہے، بارشوں کی زیادہ شدت جنوبی پنجاب میں ہوگی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے تاہم بارشوں کے باوجود دریاؤں میں خطرناک سیلاب کی کیفیت پیدا ہونے کا امکان نہیں۔