لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ پر خوب بادل برسے، فیصل چوک، کوئنز روڈ، قرطبہ چوک، شمع چوک، سمن آباد، اچھرہ اور اطراف میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔
کینال روڈ، ٹاؤن شپ، جیل روڈ، فیروز پورروڈ، چونگی امرسدھو، کاہنہ، گجومتہ اور اطراف میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، ایم اے او کالج، ساندہ، اسلامپورہ، بند روڈ ، گلشن راوی میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔
اسی طرح مغلپورہ، دھرم پورہ، عامر روڈ، باغبانپورہ، تاجپورہ، پانی والا تالاب اور کینٹ ایریا میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
شہر بھر میں موسلادھار بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، کئی علاقوں میں بارش سے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 اگست سے پنجاب میں بارش کے نئے نظام کی آمد ہوگی، مغربی ہواؤں کے باعث بننے والا نظام خوب بارشیں برسائے گا، بارشوں کے باعث جنوبی پنجاب کی رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔