اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کل یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش نہیں کرسکتی، آج سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس کے حتمی فیصلے کا اعلان کیا، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اس موضوع پر پارلیمنٹ میں کوئی اختلاف نہیں تھا، سپریم کورٹ نے 6 فروری اور 24 جولائی کے قابل اعتراض حصوں کو حذف کر دیا، سود کے مسئلے پر بھی پوری قوم اور علماء کرام متفق ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج جب پوری قوم قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے فیصلے کی گولڈن جوبلی منا رہی ہے اس فیصلے نے گولڈن جوبلی کی خوشی کو دوبالا کر دیا ہے، کوئی طاقت اس کے خلاف اب سازش نہیں کر سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پوری قوم کی متفقہ آواز ہے، ہم ان کے انسانی حقوق کو تسلیم کرتے ہیں مگر وہ بھی آئین کو تسلیم کریں، امت مسلمہ اور پاکستانی قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، یہ اسی کی فتح ہے، اس معاملے پر حکومت کو انکار نہیں تھا مگر سود کی قانونی اور آئینی حیثیت مختلف ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ چیف جسٹس نے فراغ دلی اور مثبت رویئے کا اظہار کیا، اس کو تسلیم کرنا چاہئے۔