اسلام آباد : (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کے ملازمین کے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا سخت نوٹس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز سجاد احمد خان کو شوکاز نوٹس جبکہ چار دیگر ملازمین کو حتمی وارننگ جاری کردی، ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز سجاد احمد خان کو چارج شیٹ بھی جاری کی گئی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس ذرائع کے مطابق سجاد احمد خان نے تحریک انصاف کے دھرنے میں اپنے علاقے کے لوگوں کو بٹھایا تھا، سجاد خان کی ڈیوٹی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے چیمبر میں تھی، منع کرنے کے باوجود وہ علاقے کے لوگوں کو دھرنے میں لاتے رہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دیگر چار ملازمین کی ڈیوٹی سابق سپیکر اسد قیصر کے ساتھ تھی، چاروں ملازمین قومی اسمبلی کے ملازم ہوتے ہوئے خود دھرنے میں شامل رہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق چاروں ملازمین کو حتمی وارننگ نوٹس جاری کیا گیا ہے، قومی اسمبلی کے ترجمان نے ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز کو چارج شیٹ اور چار ملازمین کو وارننگ کی تصدیق کی ہے۔