کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقہ گولیمار کی حدود میں فائرنگ کے واقعے پر مختلف مذہبی مکاتبِ فکر کے علما کرام نے اپنے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فرقہ واریت کے خلاف مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام نے اپنے پیغامات میں مذہبی ریلی پر شرپسند کارروائی کی پُرزور مذمت کی، مذہبی قیادت نے کراچی کے شہریوں سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل کی۔
مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش کی گئی، قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد تخریب کاروں کو گرفتار کر لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: گولیمار میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ کارکنان پُرامن رہیں اور شرپسند عناصر کی بد امنی کی سازش کو ناکام بنائیں، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جلد از جلد غیر جانبدار انکوائری کی درخواست کی۔
علامہ سید نذیر عباس نے مذہبی اجتماع پر شرپسندوں کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مکار دشمن کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔
مولانا تاج حنفی اور مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ کراچی میں گولیمار کی حدود میں مذہبی مارچ پر شرپسندی کی مذمت کرتے ہیں، ہم فرقہ واریت، شدت پسندی اور بدامنی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔