اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت آج صبح ساڑھے 10 بجے ہو گا۔
اجلاس میں کارپوریٹ فارمنگ کیلئے 4.8 ملین ایکڑ رقبہ دیئے جانے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اپاسٹائل بل 2024 منظوری کیلئے پیش کریں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف بھنگ کنٹرول اور ریگولیٹری اتھارٹی بل 2024، وزیر مملکت شزا فاطمہ ٹیلی کمیونیکیشن ایپلٹ ٹریبونل اتھارٹی کے قیام کا بل 2024 اور وزیر نجکاری عبد العلیم خان نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 منظوری کیلئے پیش کریں گے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آرٹیکل 171 کے تحت مختلف رپورٹس پیش کریں گے، وزیر خزانہ سال 23-2022 اور 24-2023 کے دوران ملکی معیشت پر سٹیٹ بینک کے بورڈ آف گورنرز کی رپورٹ پیش کریں گے، سال 23-2022 کیلئے گورنر سٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی جائیگی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کی سالانہ رپورٹ برائے 24-2023 اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2023 پیش کریں گے، بھکاری مافیا کے بیرون ملک نیٹ ورک کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔