راولپنڈی : (دنیانیوز) راولپنڈی کی احتساب عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈزریفرنس کے تفتیشی افسر کی جرح آج بھی مکمل نہ ہو سکی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی ، ریفرنس کے تفتیشی پر جرح آج بھی مکمل نہ ہو سکی ، آئندہ سماعت پر بھی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا تفتیشی پر جرح جاری رکھیں گے۔
ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر نیب کا جواب نہ آنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ، درخواست بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی جانب سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 8 سماعتوں سے نیب جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔
احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔
علاوہ ازیں توشہ خانہ 2 ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت نیب کی جانب سے تیاری کیلئے مہلت مانگے جانے کےسبب 2 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔