اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور مسلم لیگ ن مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے ماحول فراہم کرے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت میں بیٹھے وزیراعظم اور دیگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سامنے بکریاں لگتے ہیں، آپ نے کہا کہ پارٹی ختم ہوجائے گی، 8 فروری کو لوگوں نے بغیر انتخابی نشان کے ووٹ دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی فارن پالیسی تنہا ہے، ہم چائنہ سے فاصلہ کر کے بیٹھ گئے ہیں، پاکستان کو ایک روپیہ بھی قرض نہیں مل رہا، ہم نے آئی ایم ایف کے پاس معیشت گروی رکھ دی، آپ نے مائنس بانی پی ٹی آئی کے چکر میں سب کچھ تباہ برباد کردیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ہمارے لیے بھی دل بڑا کرے، الیکشن کمیشن میرے اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین کی پروسیڈنگ کررہا ہے، پاکستان میں ایک ہی تجربہ چل رہا ہے کہ عمران خان کو مائنس کر کے ملک چلانا ہے، پاکستان کی ساری مشکلات مائنس بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے چل رہی ہیں، عمران خان کے بغیر پاکستان نہیں چل رہا۔
فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ساڑھے تین سالوں میں دہشتگردی نہیں ہوئی لیکن آج پورے طریقے سے دہشتگردی واپس آگئی ہے، سارے مسائل کا حل ہے کہ گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ کیا جائے، لوگوں کو اٹھانے یا بندوق سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اب دعا ہی ہے کہ بنگلا دیش والوں کو بال نظر آنا بند ہوجائے، جو ہماری کرکٹ ٹیم کی کارکردگی ہے وہی حکومت کی ہے، ہماری کرکٹ ٹیم کی نہ بیٹنگ چل رہی ہے نہ باؤلنگ اور نہ فیلڈنگ، اس حکومت کی بھی نہ سیاسی، نہ معاشی اور نہ ہی سماجی پالیسی چل رہی ہے۔
فواد چودھری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں ایک بار پھر معافی مانگ لی
قبل ازیں الیکشن کمیشن میں فواد چودھری کیخلاف توہین چیف الیکشن کمشنر و الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔
فواد چودھری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ میں الیکشن کمیشن کی مرضی کے مطابق چلنا چاہتا ہوں، جس طرح الیکشن کمیشن نے کیپٹن (ر) صفدر کو معاف کیا مجھے بھی معاف کردیں۔
اس موقع پر ممبر سندھ نثار درانی نے استفسار کیا کہ آپ چاہتے ہیں آپ کے کیے کی سزا کسی اور کو ملے؟ جس پر فواد چودھری نے کہا کہ میں معافی نامہ جمع کرا دوں گا، الیکشن کمیشن معاملے کو آج ہی ختم کرے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ معافی نامہ جمع کرائیں پھر دیکھتے ہیں، بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔