کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ شہریوں کی تازہ ٹریول ہسٹری طلب کر لی۔
سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، متعدد لاپتہ شہریوں کے اہلخانہ عدالت پیش نہ ہوسکے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ سید طاہر علی اور سید برکت علی اورنگی ٹاؤن سے لاپتہ ہیں، بازیابی کے لیے متعدد جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ شہری از خود لاپتہ ہوئے ہیں، محمد طارق خان عوامی کالونی سے لاپتہ ہوا ہے، تحقیقات سے معلوم ہوا، شہری ماہی گیروں کے ساتھ مختلف علاقوں میں جاتا رہتا تھا، بتایا جا رہا ہے کہ 4 نامعلوم افراد شہری کو اٹھا کر لے گئے تھے، شہری کی تازہ ٹریول ہسٹری کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھا ہے۔
عدالت نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے ماڈرن ڈیوائسز اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسران سے لاپتہ شہریوں کی تازہ ٹریول ہسٹری طلب کر لی۔
بعد ازاں عدالت نے درخواستوں کی سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔