لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست پر وفاقی و صوبائی وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پنجاب کی وزارت داخلہ نے جواب جمع کروانا تھا، کوئی بھی نہیں آیا یہ معاملہ درست نہیں ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر جواب آنا چاہیے۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی وزارت داخلہ سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔