اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما ایم کیوایم خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ ملک میں مزید صوبے بننے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ دنیا کےتمام ممالک میں نئے صوبے بنائے جا رہے ہیں، پاکستان کےچاروں صوبوں میں آبادی بڑھ رہی ہے، پورے ملک میں نئے صوبے بننےچاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب صوبےکی تو حمایت کرتی ہے لیکن سندھ میں نیا صوبہ بنانے کی مخالفت کرتی ہے، ساری لڑائی اقتداراور پیسے کی ہے۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ مزید صوبے بننے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی، بدقسمتی سے بیوروکریسی میں بھی لوگ نئےصوبوں کےحامی نہیں ہے، ملک میں منصفانہ مردم شماری کا نہ ہونا بھی سنگین مسئلہ ہے، اٹھارویں ترامیم کےفارمولےکومدنظررکھ کرہی مزید صوبےبنائے جائیں، اس سےوفاق بھی مضبوط ہوگا۔
خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ نئےصوبوں کےساتھ وسائل کی تقسیم کا فارمولا بھی طے کرنا ہوگا، صوبوں کے درمیان اب پانی کا جھگڑا شروع ہوگیا ہے، ایم کیوایم نے ہمیشہ مقامی حکومتوں کے بااختیار ہونے کا مطالبہ کیا ہے، یونین کونسل بااختیار ہوں گی تو صوبوں کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین،سنگاپور میں نئےصوبے بن رہےہیں، پیپلزپارٹی کبھی نہیں چاہےگی کہ سندھ میں نیا صوبہ بنے، سول سوسائٹی کو بھی نئے صوبوں کےلیےاپنا رول ادا کرنا ہوگا، نئےصوبوں کے لیے ٹو تھرڈ میجورٹی سے قرارداد آنی چاہیے۔