لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا گورنر پنجاب کے بیان پر ردعمل سامنے آگیا۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے رد عمل میں کہا کہ گورنر صاحب یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے سلیکشن کمیٹی کی منظوری کابینہ نے دی، آپ سابق وفاقی وزیر رہ چکے ہیں آپ کو معلوم ہونا چاہئے کابینہ کے فیصلوں کی اہمیت کیا ہوتی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر تعیناتی کے خواہشمند تمام امیدواروں کے انٹرویو کیے، سلیکشن کمیٹی نے اہل، سینئر اور تجربہ کار لوگوں کے نام بطور وائس چانسلر تجویز کیے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گورنر کا کام پنجاب اسمبلی اور کابینہ کے اقدامات اور فیصلوں پر مہر لگانا ہوتا ہے، گورنر کابینہ کے فیصلوں کو مسترد کرنے کا مجاز نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے تحریک انصاف نامی جماعت موجود ہے، آپ اپوزیشن کا رول ادا کرنے کی بجائے گورنرشپ کو آئینی عہدے تک محدود رہنے دیں۔