امن سے انسانیت کی بقاء اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

Published On 21 September,2024 04:28 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ امن سے انسانیت کی بقاء اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

امن کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں امن سب سے بڑا چیلنج ہے، پاکستان عالمی سازشوں کے نرغے میں ہے، اندرونی معاملات درست کرنے ہیں، امن کو مخدوش کرنے میں سوشل میڈیا کے منفی کردار سے آنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ امن سے انسانیت کی بقاء اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے،بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، باہر بیٹھے ہینڈلرز سوشل میڈیا پر جوانوں کو ریاست سے دور کررہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور ریاست میں نفرت کے بیج بو کر دوریاں پیدا کی جا رہی ہیں، ہمیں حالات کی نزاکت کا ادراک کرنا ہوگا، ہم اپنے نوجوانوں کو علم و ترقی کے لئے آکسفورڈ سمیت دنیا بھر میں بھیج رہے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن دشمن عناصر انہیں مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل کر امن مخدوش کرنے پر مائل کررہے ہیں، امن کا قیام اور ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، پائیدار قیام امن کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔

آخر میں ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی یوم امن پر پاکستان اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا عزم کرتے ہیں۔