کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ اغوا برائے تاوان، رہزنی اور سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ اغوا برائے تاوان اور قبضہ مافیا کو بلا امتیاز قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی پروفائلنگ کو اپ ڈیٹ کرکے تمام تھانوں کے مابین فوری رابطہ کاری کو فعال کیا جائے، پولیس کے تربیتی کورسز کو حالات حاضرہ سے ہم آہنگ کرکے تفتیش کے عمل کو بہتر بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ تفتیش کے عمل کو بہتر بناکر دہشت گردی اور جرائم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے ، پولیس کو مطلوب تمام وسائل فراہم کریں گے، کارکردگی کا بھی مستقل جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تخریب کاری کے خاتمے کیلئے سی ٹی ڈی کا متحرک کردار باعث اطمینان ہے، سی ٹی ڈی کو مزید فعال کرنے کے لئے وسائل فراہم کریں گے، بلوچستان پولیس کو ہر طرح کے دباؤ سے آزاد کر کے آزادانہ ماحول میں ان کی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کا ماحول فراہم کر رہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور عوام کے مابین اعتماد کی فضا کی بحالی کیلئے پولیس مثالی برتاؤ کا عملی مظاہرہ کرے، دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کو پوری معاونت فراہم کریں گے۔