کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، بلوچستان کے غریب اور مستحق بچوں کو میرٹ پر آگے لارہےہیں ، بچے اور بچیاں بہترین تعلیم حاصل کرکے پاکستان اور بلوچستان کی خدمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے ہنر مند بنانا ہو گا،نوجوانوں پر سرمایہ کاری کےا ثرات مستقبل میں سامنے آئیں گے، 30 ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر کے روزگار کیلئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اقلیتی طلبہ کیلئے بھی سکالرشپس کا اعلان کیا، آج کا ٹیلنٹ کل اس صوبے اور ملک کی خدمت کرے گا، ٹرانسجینڈرز کو فیملی اون نہیں کرتی، ٹرانسجینڈرز کی بہتری کیلئے بھی سکیمیں لائیں گے، شہداء نے ملک کی حفاظت کیلئے اپنا مقدس خون بہایا، ریاست سے ناراضگی کسی صورت قبول نہیں۔