اسلام آباد: (دنیا نیوز) پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے اعتراض عائد کرتے ہوئے درخواست گزار کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس فیصل زمان خان 23 ستمبر کو اعتراضی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ صدارتی آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سپریم کورٹ کے اختیارات کو کم یا زیادہ نہیں کیا جاسکتا، عدالت صدارتی آرڈیننس کو کالعدم قرار دے، عدالت پٹیشن کے حتمی فیصلہ تک صدارتی آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کا حکم جاری کرے۔