پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم

Published On 23 September,2024 11:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف دائر درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس فیصل زمان خان نے بطور اعتراض درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس فیصل زمان خان نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف رجسٹرار آفس کا اعتراض کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے غیر ضروری اعتراض عائد کرنے پر رجسٹرار آفس کے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ یہ کیا اعتراض لگا دیا آپ نے؟ وفاقی حکومت نے ایک آرڈیننس جاری کیا ہے تو یہ کہیں بھی چیلنج ہو سکتا ہے۔

جسٹس فیصل زمان خان نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ رجسٹرار آفس آئندہ غیر ضروری اعتراضات عائد کرنے سے گریز کرے۔

واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے شہری منیر احمد کی درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ یہ درخواست لاہور ہائیکورٹ میں نہیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جاسکتی ہے۔