راولپنڈی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے راولپنڈی لیاقت باغ میں کل کے احتجاج سے متعلق حکمت عملی مرتب کرلی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختوانخوا علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کریں گے، اسلام آباد سے پی ٹی آئی قیادت قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ جائے گی، پی ٹی آئی کارکنان کو 2 بجے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے قیادت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ پہنچیں، راستوں کی بندش کی صورت میں جو جہاں تک پہنچے گا وہیں احتجاج ہو گا، اسلام آباد، شمالی پنجاب اور کے پی کے سے قافلے راولپنڈی آئیں گے۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ گرفتاریوں کی صورت میں انصاف لائرز فورم قانونی معاونت دےگا، وکلاء کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کردی گئی ہیں، پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کو راستوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستوں کاپلان بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔