نیویارک:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ شاندار انداز میں پیش کیا۔
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے اہتمام پر نیویارک میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کی ، ملاقات میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ شاندار انداز سے پیش کیا، وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کا پیغام دے کر قوم کی ترجمانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات میرے لئے باعث مسرت ہے، یہ تقریب صرف ایک اجتماع نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی عظمت اور ہم آہنگی کا مظہر ہے، اووسیزپاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آپ سب کی پاکستان سے محبت کا اظہار دیکھ کر خوشی ہوئی، امریکہ کی سرزمین پر آپ سب نے اپنی محنت اور لگن سے ایک نیا معاشرہ آباد کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے، وزیر دفاع اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، آپ سب کی یہ کامیابی پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید ہے، ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا گراں قدر کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیراعظم نے بیرون ملک تمام سفارت خانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے، آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔