سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج ہوگی

Published On 30 September,2024 09:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مظہر عالم میاں خیل لارجر بنچ کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے 17 مئی 2022 کو فیصلہ سنایا تھا، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجاز الاحسن بنچ کا حصہ تھے۔

آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق کیس کا فیصلہ تین دو کی اکثریت سے دیا گیا، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے اختلاف کیا تھا۔

اکثریتی فیصلے کے مطابق منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، منحرف ارکان کی تاحیات نااہلی کیلئے پارلیمنٹ قانون سازی کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔