ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کل دورہ کراچی، سکیورٹی ایس ایس یو کے سپرد

Published On 01 October,2024 10:04 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں معروف اسلامی سکالر و مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کر لیے گئے۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی سکیورٹی ایس ایس یو کے حوالے کر دی گئی ہے۔

2 اکتوبر کی دوپہر کراچی ایئر پورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کریں گے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک سے مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمٰن کی ملاقاتیں طے ہیں، اس کے علاوہ جامعۃ الرشید کے سربراہ مفتی عبدالرحیم اور دیگر شخصیات بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ملاقاتیں کریں گے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک 4 اکتوبر کو اہم سرکاری ادارے کا دورہ کریں گے اور 5 اکتوبر کو مزار قائد پر تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ 7 سے 10 اکتوبر تک ان کی نجی ملاقاتیں طے ہیں۔

جس کے بعد 11 اکتوبر کی صبح ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی سے لاہور روانہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف اسلامی سکالر مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچے تھے، وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور عطاء الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا تھا۔