پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ لگتا ہے نوازشریف اپنے بھائی کی حکومت سے خوش نہیں ہیں۔
لیگی صدر میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے مریضوں کا علاج کے لئے پنجاب جانے بارے نواز شریف کا بیان مضحکہ خیز ہے، شریف خاندان خود سردرد کے علاج کے لئے بھی لندن جاتا ہے، اگر پنجاب کے ہسپتال اتنے اچھے ہیں تو اپنا علاج یہاں سے کیوں نہیں کراتے؟
انہوں نے سوال کیا کہ پنجاب میں کئی باریاں لینے کے باوجود صحت کارڈ منصوبہ شروع کیوں نہیں کیا؟ بانی پی ٹی آئی کا اپنا گھر سکیم منصوبہ کاپی کیا صحت کارڈ منصوبہ کب کاپی کریں گے؟ ملک پر مسلط جعلی فارم 47 کی حکومت ن لیگ کی نہیں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا معاشی استحکام کا دعویٰ بھی مضحکہ خیزہے، شاید نواز شریف شہباز شریف کی حکومت کو ن لیگ کی حکومت نہیں مانتے، نواز شریف کے تقریر سے لگ رہا تھا وہ اپنے بھائی کی حکومت سے خوش نہیں ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور باپ بیٹی دونوں کے اعصاب پر سوار ہے، علی امین گنڈاپور احتجاج کے لئے پنجاب جاتے ہیں جو انکا جمہوری اور آئینی حق ہے، اقتدار کی کئی باریاں لینے کے باوجود نواز شریف کس سے گلہ کررہے ہیں؟