جومرضی کرلیں اسلام آباد میں ان کے حملے کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے:خواجہ آصف

Published On 05 October,2024 02:35 pm

سیالکوٹ : (دنیانیوز) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی جو مرضی کرلے، اسلام آباد میں ان کے حملے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 سال کے بعد پی ٹی آئی نے وہی سازش اختیار کی ہے، 2014 میں بھی چینی وزیراعظم کی آمد پر دھرنا دیا گیا تھا، اب شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر بھی یہی سب کیا جارہا ہے،اب مسلح جتھے آرہے ہیں جن میں سیکڑوں افغانی موجود ہیں، ان کے احتجاج سے افغانیوں کی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پتہ نہیں گرفتار ہونے والے طالبان ہیں یا کون ہیں، پی ٹی آئی کی ایک مسلح تنظیم ہے جو افغانستان سے یہاں منتقل کی گئی، ان جتھوں کی قیادت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کررہے ہیں، ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر حملے کررہا ہے اور اس سب کیلئے سرکاری پیسہ اور وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔

خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی گئی، ایک طرف یہ افغانیوں کو دعوت دے رہےہیں دوسری طرف بھارت کو بھی بلایا جارہا ہے، پی ٹی آئی سے پوچھا جانا چاہیے کہ ایسا بیان کیوں دیا گیا۔

ان کاکہنا تھا کہ جب مسلح جتھے آرہے ہوں تو وفاقی حکومت کا ریسپانس کیا ہونا چاہیے، اقتدار کی محرومی میں پاکستان کیساتھ وفاداری کو بھی ملیامیٹ کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیا تھا، ہماری جانب سے کبھی پاکستان کے مفاد کیخلاف بات نہیں کی گئی، انہوں نے اپنی پاکستانیت کو سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اتنی ہی بات ہے تو یہ نریندر مودی کو بھی اپنے دھرنے میں دعوت دے لیں ، پی ٹی آئی کی شناخت بے نقاب ہورہی ہے، کہتے ہیں ہم بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرستان میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت جوان شہید ہوئے، انہوں نے کبھی شہدا کو خراج عقیدت پیش نہیں کیا، آج تک انہوں نے مسئلہ فلسطین پر آواز نہیں اٹھائی، غزہ کے مسلمانوں کے حق میں انکا ایک بھی بیان مجھے دکھا دیں، اسلام آباد پر حملے کو ہم دشمن کا حملہ سمجھتے ہیں۔

مسلم لیگ ن رہنمانے کہا کہ پاکستان کے معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے، پٹرول، بجلی اور دیگر اشیا سستی ہوئی ہیں، ان کو ڈر ہے کہ ان کیخلاف کیسز شروع ہوگئے ہیں، اب یہ جے شنکر کو اپنا والی وارث سمجھ رہے ہیں۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ یہ نئی دلی میں جا کرجلسہ کریں اور مودی کو بھی بلا لیں، ان کا ٹارگٹ صرف شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہے، 2014 میں سی پیک کو روکنا تھا، یہ یہودی لابی کے ایجنڈا پر کام کررہے ہیں، ان کو صادق اور امین کہا گیا، آپ بتائیں صادق اور امین کس کا لقب تھا، ان کیخلاف کیسز ہیں، انکو الٹا لٹکا کر حساب لیں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی لاشیں گرانا چاہتی ہے، یہ بندے مروانا چاہتے ہیں اس لیے ہمارے پولیس والے مسلح نہیں ہیں، پنجاب پولیس جتنا برداشت کررہی ہے آفرین ہے ان پر، یہ مسلح جتھے کے کر آرہے ہیں یہ پاکستانیوں کا کام نہیں ہے، عدلیہ نے 10 سال میں قانون کا تحفظ کیا ہوتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، لاشیں گرانے اور خونریزی میں ہی ان کو اپنی کامیابی نظر آرہی ہے۔