جے شنکر بارے جعلی حکومت پروپیگنڈا کررہی ہے : بیرسٹرسیف

Published On 05 October,2024 03:18 pm

پشاور: (دنیانیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کاکہنا ہے کہ جے شنکر کے حوالے سے جعلی حکومت بے بنیاد پروپیگنڈا کررہی ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے کے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کررہا ہے، جعلی حکومت ایک ہفتے سے شنگھائی تعاون اجلاس کو پی ٹی آئی احتجاج سے جوڑ رہی ہے، جعلی حکومت نے جے شنکر کو خود دعوت دی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت جے شنکر کی شرکت کے لئے کل سے منتیں تر لے کررہے ہیں، نجی ٹی وی اینکر نے جے شنکر آنے کی بات کی جس کے جواب میں بتایا کہ انکو شرکت کی دعوت دیتا ہوں تاکہ وہ پی ٹی آئی کا پرامن احتجاج دیکھ لیں، دوسری طرف جعلی حکومت کے کنٹینرستان اور احتجاج کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی بات کی۔

ان کاکہنا تھا کہ بھارت بڑا جمہوری ملک کا دعویدار ہے انکو دکھانا تھا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے، میڈیا میرا آدھا بیان پیش کررہا ہے جو صحافتی اصولوں کی مکمل خلاف ورزی ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ میرا پورا ویڈیو چلائیں، پورا ویڈیو دیکھنے کے بعد مخالفین کے منہ بند ہوجائینگے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھانا شریف خاندان کا وطیرہ ہے، جعلی حکومت بھی منافقت کی انتہا کررہی ہے، ایک طرف جے شنکر کے آنے پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے دوسری طرف میرے مثبت بیان کو منفی کرکے پیش کیا جا رہا ہے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ ایس سی او سمٹ میں آنے والے تمام معززین کو احتجاج میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، بھارت کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کی پالیسی ہمیشہ واضح ہے۔