فلسطینیوں کی نسل کشی پر دنیا کی بے حسی سنگین المیہ ہے: حمزہ شہباز

Published On 07 October,2024 02:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر دنیا کی بے حسی ایک سنگین انسانی المیہ ہے۔

یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ غزہ پر صیہونی ریاست کی بربریت کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے، 41 ہزار سے زائد افراد کو شہید کیا گیا، معصوم بچوں اور عورتوں سمیت پناہ گزین کیمپوں کے مکینوں کو بھی موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی فورسز نے غزہ کے انفراسٹرکچر بشمول ہسپتالوں اور سکولوں کو باقاعدہ طور پر نشانہ بنا کر تباہ کیا ، اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی اب لبنان اور خطے کے دوسرے ممالک تک پھیل چکی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنے جنگی جرائم سے تاریخ کے سیاہ ترین باب تحریر کر رہا ہے، آج ہر پاکستانی اپنے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔