مریم نواز اور حمزہ شہباز کی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد

Published On 09 August,2024 03:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

مریم نواز نے نیزہ بازی میں 118 سالہ ریکارڈ توڑنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کوچنگ سٹاف کی محنت کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ خود پر یقین ہو تو کامیابی یقینی ہو جاتی ہے، میاں چنوں کے چھوٹے سے گاؤں سے پیرس اولمپکس تک سفر قابلِ داد ہے، جیت خوبصورت چیز ہے، جیت پانے کیلئے خود کو کھونا پڑتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ 92.97 میٹر کی" گولڈن تھرو" کر کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کر دی۔

حمزہ شہباز
دوسری جانب نائب صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز کا پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کا سرفخر سے بلند کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محدود سہولیات کے ساتھ قومی ہیرو نے اولمپکس میں پاکستان کا جھنڈا بلند کیا، محنت لگن اور پاکستان کے لئے کچھ کر گزرنے کے جذبے نے تاریخ رقم کی ہے۔

حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپکس میں ریکارڈ بھی قائم کیا، ارشد ندیم پاکستان کی نئی نسل کیلئے ایک زندہ مثال ہیں، شاباش اور شکریہ ارشد آپ نے قوم کو سچی خوشی سے سرشار کیا ہے۔