پیرس : (دنیانیوز) پاکستان کا نام پوری دنیامیں روشن کرنیوالے جیولن تھرور ارشد ندیم کاکہنا ہے کہ انہیں پوری امید تھی کہ وہ گولڈمیڈل جیتیں گے ۔
تاریخی کامیابی کے بعد ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ردھم میں تھا اور پرامید تھا کہ گولڈ میڈل جیتوں گا،آج میرا دن تھا، امید تھی کہ آج کچھ کر جاؤں گا۔
ان کاکہنا تھاکہ میں اس سے زیادہ دور بھی تھرو کر سکتا تھا، ہم سب گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے۔
انہوں نے کامیابی پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اپنے کوچ کا شکریہ ادا کیا۔
خوشی ہے کہ بیٹے نے قومی پرچم کی لاج رکھی ، ارشد ندیم کی والدہ نہال
ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑی کی والدہ بھی خوشی سے نہال ہیں ، میڈیا سے گفتگو میں ان کی والدہ نے کہا کہ بیٹے نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا، بیٹے کی کامیابی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی ، آج پوری قوم کی دعائیں قبول ہوئیں ، اُمید ہے مستقبل میں بھی بیٹا ملک کا نام روشن کرے گا۔
یہ میڈل پورے پاکستان کے نام کرتے ہیں، بھائی ارشد ندیم
ارشد ندیم کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اللہ کا شکرگزار ہوں اور پھر پورے ملک کا، پورے ملک کے عوام نے ارشد ندیم کیلئے دعا کی، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل لیکر جیت کے ساتھ ساتھ اولمپکس میں ریکارڈ قائم کیا۔
قومی چیمپئن کے بھائی نے کہا کہ ہم یہ میڈل پورے پاکستان کے نام کرتے ہیں ، ہم ارشد بھائی کے آنے پر مل کر 14اگست کا جشن منائیں گے، ہمیں اپنے بھائی پر بہت فخر ہے انہوں نے بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا۔
یہ بھی پڑھیں :ارشد ندیم کا اولمپکس میں ریکارڈ، پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیت لیا
خیال رہے کہ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں جشن منایا جارہا ہے ، ارشد ندیم کے گھر کے باہر لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ، میاں چنوں کے شہزادے نے سبھی کے دل جیت لئے، شہرشہر لوگوں نے ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا ہے ، ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔