کراچی : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) سندھ حکومت نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کیلئے پانچ کروڑ روپے کا اعلان کردیا۔
میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضٰی وہاب نے ارشد ندیم کے شاندار کھیل پر انہیں مبارکباد دی اور ملک کا نام سر بلند کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ارشد ندیم نے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپک ریکارڈ بنایا ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعامی رقم کا اعلان بھی کیا جبکہ ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں سپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان بھی کیا۔
گورنر سندھ کا ارشد ندیم کیلئے 10لاکھ روپے کا اعلان
علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیرس اولمپک میں تاریخ رقم کرنے اور گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں :ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پرصدر، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں کی مبارکباد
ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے ارشد ندیم کے لیے سونے کے تاج کا اعلان کیا، زیر تعمیر نیو سپورٹس سٹیڈیم کا نام ارشد ندیم سٹیڈیم رکھنے کا وعدہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے جیولن تھرور ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا بلکہ ساتھ ہی اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کی جانب سے کسی ایتھلیٹ نے انفرادی حیثیت میں اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہو۔