پیرس: (ویب ڈیسک ) پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی جیت پر ان کے بھارتی حریف نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ میں 2016 سے مختلف مقابلوں میں ارشد کے ساتھ مدِمقابل رہا لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ارشد مجھ سے جیت گیا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے لیے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو جیت کی مبارک باد دی ہے ۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیرج چوپڑا نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا ایک دن ہوتا ہے، آج میرا دن نہیں تھا، آج ارشد ندیم کا دن تھا۔
یہ بھی پڑھیں :ارشد بھی میرا بیٹا، نیرج کے سلور میڈل جیتنے پرخوش ہیں : والدہ نیرج چوپڑا
انہوں نے کہا ارشد نے بہت محنت کی ہے اور آج کی رات ارشد مجھ سے بہتر تھا، اسے یہ جیت مبارک ہو۔
بھارتی کھلاڑی نے کہا کہ میں اپنے چاندی کے تمغے پر خوش ہوں لیکن مطمئن نہیں ہوں، میری تھرو تمام راؤنڈز میں بہتر رہی لیکن اب میں اسے مزید بہتر بنانے کے لیے پریکٹس کروں گا۔
اس سے قبل نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی نے ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے جیولن تھرور ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا بلکہ ساتھ ہی اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔